سیول،15ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)شمالی کوریا نے جاپان کے اوپر سے ایک اور میزائل داغا ہے۔ جاپانی ٹیلی وڑن NHK کے مطابق یہ میزائل انتہائی شمال میں واقع جاپانی جزیرے ہوکائیڈو کے اوپر سے گزرتا ہوا بحرالکاہل میں جا گرا۔ جاپانی فضا سے اس میزائل کے گزرنے پر ہوکائیڈو میں ہنگامی سائرن بجائے گئے اور ٹریفک کو کچھ دیر تک معطل بھی رکھا گیا۔ جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔ اس میزائل تجربے سے ایک روز قبل جمعرات چودہ ستمبر کو شمالی کوریا نے دھمکی دی تھی کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے پیونگ یانگ حکومت کے خلاف نئی پابندیاں لگوانے کی پاداش میں جاپان کو ڈبو دے گا جبکہ امریکا کو سیاہ راکھ میں بدل دے گا۔